فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے کے پہلے راؤنڈ کے اختتام پر کئی بڑی ٹیموں نے شاندار آغاز کیا جبکہ بعض فیورٹ ٹیمیں فتح حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔ انگلینڈ، ارجنٹینا، فرانس اور جرمنی نے کامیابیاں سمیٹ کر اپنے اپنے گروپس میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی، جبکہ برازیل، اسپین، بیلجیئم اور پرتگال کو ڈرا پر اکتفا کرنا پڑا۔
گروپ اے میں میکسیکو اور جنوبی کوریا، گروپ بی میں کینیڈا، بوسنیا، قطر اور سوئٹزرلینڈ، جبکہ گروپ جی اور ایچ میں تمام ٹیمیں ایک ایک پوائنٹ کے ساتھ برابر ہیں۔ دوسری جانب جرمنی، سویڈن، فرانس، ارجنٹینا، کولمبیا اور انگلینڈ نے اپنے حریفوں کو شکست دے کر واضح برتری حاصل کر لی ہے۔
پہلے راؤنڈ کے بعد سب سے بڑی جیت جرمنی نے حاصل کی، جس نے کوراساؤ کو 1-7 سے شکست دی، جبکہ انگلینڈ نے کروشیا کے خلاف 2-4 کی یادگار فتح سمیٹی۔
اب نظریں دوسرے راؤنڈ پر مرکوز ہیں جہاں کئی بڑی ٹیموں کے درمیان براہِ راست مقابلے گروپ کی قسمت کا فیصلہ کر سکتے ہیں، جبکہ کمزور آغاز کرنے والی ٹیموں کے لیے اگلے میچز “کرو یا مرو” کی حیثیت اختیار کر چکے ہیں۔