فیفا ورلڈ کپ 2026 میں کھیلے گئے تین اہم مقابلے برابر رہے، جہاں ٹیموں نے سنسنی خیز کھیل پیش کرتے ہوئے شائقین فٹبال کو خوب محظوظ کیا۔
گروپ جی میں بیلجیئم اور مصر کے درمیان مقابلہ 1-1 سے برابر رہا۔ مصر نے ابتدائی برتری حاصل کی، تاہم بیلجیئم نے دوسرے ہاف میں واپسی کرتے ہوئے میچ برابر کردیا اور دونوں ٹیمیں ایک، ایک پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔
اسی گروپ کے ایک اور دلچسپ میچ میں ایران اور نیوزی لینڈ کے درمیان سخت مقابلہ 2-2 سے برابر ختم ہوا۔ نیوزی لینڈ نے دو مرتبہ برتری حاصل کی، لیکن ایران نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے میچ میں واپسی کی اور ایک اہم پوائنٹ اپنے نام کیا۔
گروپ ایچ میں یوراگوئے اور سعودی عرب کا مقابلہ بھی 1-1 کی برابری پر اختتام پذیر ہوا۔ دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور ایک دوسرے کے خلاف سخت مزاحمت دکھائی، جس کے باعث میچ کا فیصلہ نہ ہوسکا۔
سب سے پہلے کھیلے گئے میچ میں فٹبال شائقین کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب سپین اور کیپ ورڈے کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر ختم ہوگیا۔ فیورٹ ٹیم اور گروپ میں سرفہرست ہونے کے باوجود سپین، کیپ ورڈے کے منظم اور مضبوط دفاع کو توڑنے میں ناکام رہی۔ ووزنہا کی شاندار گول کیپنگ نے سپین کے کئی خطرناک حملے ناکام بنائے اور میچ کو 0-0 سے برابر رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
ان نتائج کے بعد متعلقہ گروپس میں اگلے مرحلے کی دوڑ مزید دلچسپ ہوگئی ہے اور تمام ٹیموں کی نظریں اپنے آئندہ میچز پر مرکوز ہیں۔