فیفا ورلڈ کپ: ایم باپے نے فرانس کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کردیا

فٹبال کی دنیا کے سپر اسٹار کائلین ایم باپے نے سینیگال کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 گول اسکور کیے اور ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرلیا۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ایک دلچسپ مقابلے میں فرانس نے سینیگال کو 1-3 سے شکست دی، جس میں ایم باپے نے نمایاں کردار ادا کرتے ہوئے دو مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھائی۔

اس میچ کے بعد ورلڈ کپ میں ایم باپے کے مجموعی گولز کی تعداد 14 ہوگئی، جس کے ساتھ وہ ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی اور برازیل کے عظیم فٹبالر پیلے سے آگے نکل گئے۔ میسی نے ورلڈ کپ کے 26 میچوں میں 13 جبکہ پیلے نے 14 میچوں میں 12 گول کیے تھے۔

اپنا تیسرا ورلڈ کپ کھیلنے والے ایم باپے اب ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ جرمنی کے لیجنڈ گیرڈ مولر نے بھی اپنے ورلڈ کپ کیریئر میں 14 گول کیے تھے۔

ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 16 گول کرنے کا اعزاز جرمنی کے میروسلاو کلوزے کے پاس ہے، جبکہ برازیل کے سابق اسٹار رونالڈو 15 گولوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

دوسری جانب ایم باپے نے فرانس کی قومی ٹیم کے لیے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔ انہوں نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا 58واں گول اسکور کرتے ہوئے اولیویئر جیرود کا 57 گولز کا ریکارڈ توڑ دیا۔

یہ میچ ایم باپے کے بین الاقوامی کیریئر کا 99واں میچ بھی تھا، جسے انہوں نے ایک یادگار کارکردگی کے ذریعے مزید خاص بنا دیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *