فیفا ورلڈ کپ 2026ء میں سپین کے خلاف میچ میں کیپ ورڈے کے گول کیپر ووزنہا کی شاندار کارکردگی نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی، جہاں ان کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد میں حیران کن اضافہ دیکھنے میں آیا۔
40 سالہ گول کیپر نے اپنی ٹیم کے پہلے ورلڈ کپ میچ میں سپین جیسے مضبوط حریف کے خلاف زبردست گول کیپنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
ان کی کارکردگی سے متاثر ہو کر برازیل کے ایک اسپورٹس چینل پر موجود فٹبال تجزیہ کاروں نے ناظرین سے اپیل کی کہ ووزنہا کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔
صرف چند لمحوں میں ان کے فالوورز کی تعداد لاکھوں میں پہنچنے لگی۔ میچ کے دوران یہ تعداد تیزی سے بڑھتی رہی، جبکہ اختتام تک لاکھوں نئے صارفین ان کے اکاؤنٹ سے جڑ چکے تھے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ووزنہا کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔