
خبرنامہ نمبر 3578/2026
تربت . 01 مئی 2026 :بجشنِ بہاراں کیچ اسپورٹس فیسٹیول 2026 اختتام پزیر، فٹبال ایونٹ کے فائنل میں بلدیہ تربت کی ٹیم فاتح ، ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی مہمان خصوصی تھے۔تقریب کے آخری روز جشنِ بہاراں کیچ فیسٹیول 2026 کے تحت کھیلے گئے فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں بلدیہ تربت نے پسنی کی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 0-2 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی تھے جب کہ اس موقع پر میئر تربت بلخ شیر قاضی، ڈی پی او ذوہیب محسن، اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز تابش بلوچ اور اسد اللہ بلوچ، اسپورٹس آفیسر غفار یوسف، کیپٹن چاکر علی، باسط علی، ادیب مراد، حاجی رستم، ٹھیکیدار ظریف رند اور وارث دشتی بھی موجود تھے۔میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا تاہم بلدیہ تربت کی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے دو گول اسکور کر کے کامیابی حاصل کی۔اختتامی تقریب میں مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر کیچ، میئر تربت، ڈی پی او اور اسپورٹس آفیسر
نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے جب کہ ونر اور رنر اپ ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافیاں بھی پیش کی گئیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے کہا کہ جشنِ بہاراں کیچ فیسٹیول 2026 کا مقصد شہریوں کو تفریح فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹیول کو ڈینگی وائرس کے خلاف عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے بھی مؤثر انداز میں استعمال کیا گیا، جس میں انتظامیہ کافی حد تک کامیاب رہی۔میئر تربت بلخ شیر قاضی نے کہا کہ جشنِ بہاراں کیچ فیسٹیول ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی کے وژن کا نتیجہ ہے جبکہ اس کی کامیابی میں انتظامیہ کی کوششوں کے ساتھ عوام کی بھرپور شرکت نے کلیدی کردار ادا کیا جس کے باعث یہ ایک یادگار اور کامیاب ایونٹ ثابت ہوا۔ انہوں نے فائنل جیتنے پر بلدیہ تربت کی ٹیم کو مبارکباد بھی پیش کی۔