961 دن بعد پاکستان کی فٹبال میں شاندار واپسی

پاکستان فٹبال شائقین کے لیے خوشخبری، قومی ٹیم نے طویل عرصے بعد فتح کا مزہ چکھتے ہوئے 961 دن کے انتظار کا خاتمہ کردیا۔

مالدیپ میں جاری ڈائمنڈ جوبلی چار ملکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو 0-3 سے شکست دے کر شاندار کامیابی اپنے نام کی۔ قومی ٹیم کی جانب سے عمر نواز، عبدالصمد ارشد اور ہارون حامد نے گول اسکور کیے۔

مالے میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے اس اہم مقابلے میں پاکستان پر فتح حاصل کرنے کا دباؤ تھا، کیونکہ افتتاحی میچ میں بنگلا دیش کے خلاف مقابلہ برابر رہا تھا۔

پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں کوئی گول اسکور نہ کرسکیں اور وقفے تک میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا، تاہم دوسرے ہاف میں پاکستان ٹیم نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے میچ کا رخ بدل دیا۔

54ویں منٹ میں نوجوان کھلاڑی عمر نواز نے شاندار گول کرکے پاکستان کو 0-1 کی برتری دلائی۔ یہ قومی ٹیم کی جانب سے ان کا دوسرا میچ تھا جبکہ وہ پہلی بار ابتدائی کھلاڑیوں میں شامل ہوئے تھے۔

عمر نواز کی زندگی کی کہانی بھی متاثر کن ہے۔ ان کے بھائی حارث نواز 2014ء کے سانحہ اے پی ایس میں شہید ہوگئے تھے جبکہ دوسرے بھائی احمد نواز شدید زخمی ہوئے تھے۔ بعد ازاں 2015ء میں عمر نواز اپنے خاندان کے ساتھ برطانیہ منتقل ہوگئے، جہاں انہوں نے فٹبال کی تربیت اور کیریئر کا آغاز کیا۔

میچ کے 84ویں منٹ میں عبدالصمد ارشد نے دوسرا گول اسکور کیا جبکہ صرف تین منٹ بعد ہارون حامد نے ایک اور گول کرکے برتری 0-3 کردی، اور یہی اسکور میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔

یہ 1991ء کے بعد مالدیپ کے خلاف پاکستان کی پہلی بین الاقوامی فٹبال فتح ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ قومی ٹیم نے تقریباً تین برس سے جاری ناکامیوں کا سلسلہ بھی ختم کردیا۔ پاکستان نے اس سے قبل آخری کامیابی 17 اکتوبر 2023ء کو کمبوڈیا کے خلاف حاصل کی تھی۔

قومی ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنا آخری پول میچ 7 جون کو افغانستان کے خلاف کھیلے گی، جبکہ ٹاپ ٹو میں جگہ برقرار رکھنے کی صورت میں پاکستان 10 جون کو فائنل میں ایکشن میں نظر آئے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *