پیراگوئے نے جرمنی کو پنالٹیز پر 4-3 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 16 میں جگہ بنا لی

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 میں پیراگوئے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جرمنی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 4-3 سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کر دیا۔ مقررہ وقت میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 سے برابر رہا۔

میچ میں پیراگوئے کے جولیو اینسیسو نے 42ویں منٹ میں پہلا گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، تاہم جرمنی کے کائی ہاورٹز نے 54ویں منٹ میں گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔ اضافی وقت میں بھی کوئی ٹیم فیصلہ کن گول نہ کر سکی، جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا، جہاں پیراگوئے نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے 4-3 سے کامیابی حاصل کی۔

یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار ہے کہ جرمنی کو کسی پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے ساتھ ہی چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن ٹیم کا سفر ڈرامائی انداز میں اختتام پذیر ہو گیا۔

یہ نتیجہ جرمنی کے لیے ایک اور مایوس کن ورلڈ کپ ثابت ہوا، کیونکہ وہ مسلسل تیسرے فیفا ورلڈ کپ میں بھی راؤنڈ آف 16 تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

اس شاندار فتح کے ساتھ پیراگوئے نے راؤنڈ آف 16 میں اپنی جگہ پکی کر لی، جبکہ جرمنی غیرمتوقع طور پر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *