فٹ بال کی عالمی تنظیم FIFA نے اعلان کیا ہے کہ FIFA World Cup 2026 میں شرکت کرنے والی 48 ٹیموں کے حتمی اسکواڈز کی باضابطہ منظوری 2 جون کو دی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہر ٹیم کو 26 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ رکھنے کی اجازت ہوگی، جبکہ یہ تعداد گزشتہ ورلڈ کپ 2022 کی طرح برقرار رکھی گئی ہے۔
فیفا قوانین کے تحت تمام ٹیمیں ابتدائی مرحلے میں 35 سے 55 کھلاڑیوں پر مشتمل عارضی فہرست جمع کرائیں گی، جس میں کم از کم 4 گول کیپر شامل کرنا لازمی ہوگا۔ یہ فہرست صرف اندرونی استعمال کے لیے ہوگی اور عوامی سطح پر جاری نہیں کی جائے گی۔
بعد ازاں ٹیمیں 23 سے 26 کھلاڑیوں پر مشتمل اپنے حتمی اسکواڈز جمع کرائیں گی، جن میں کم از کم 3 گول کیپر شامل ہونا ضروری ہوں گے۔
قوانین کے مطابق اگر کسی کھلاڑی کو شدید چوٹ یا بیماری لاحق ہو جائے تو ٹیم اپنے پہلے میچ سے 24 گھنٹے قبل تک عارضی فہرست میں شامل کسی دوسرے کھلاڑی کو متبادل کے طور پر شامل کر سکتی ہے۔ تاہم گول کیپر کو ٹورنامنٹ کے دوران بھی تبدیل کرنے کی اجازت ہوگی، بشرطیکہ متبادل کھلاڑی عارضی فہرست میں موجود ہو۔
قومی ٹیمیں کسی بھی وقت اپنے اسکواڈز کا اعلان کر سکتی ہیں، لیکن انہیں اس وقت تک حتمی تصور نہیں کیا جائے گا جب تک فیفا 2 جون کو ان کی باقاعدہ منظوری نہ دے دے۔
فیفا کے مطابق کھلاڑیوں کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے 25 مئی 2026 سے ریلیز اور تیاری کا مرحلہ شروع ہوگا، جو متعلقہ کلب کے آخری میچ کے اگلے روز نافذ العمل ہوگا۔ بعض خصوصی حالات میں کنفیڈریشن کلب فائنلز کھیلنے والے کھلاڑیوں کو 30 مئی 2026 تک رعایت دی جا سکتی ہے، تاہم اس کے لیے فیفا کی منظوری درکار ہوگی۔