ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 11 کا ٹائٹل پشاور زلمی کے نام، بابر اعظم بطور کپتان پہلی بار چیمپئن بن گئے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگز مین کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔ حیدرآباد کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 129 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، جس کے جواب میں زلمی نے ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
میچ کے دوران ایک موقع پر پشاور زلمی مشکلات کا شکار تھی اور 40 رنز پر اس کی 4 وکٹیں گر چکی تھیں، جبکہ شاندار فارم میں موجود بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ تاہم ایرون ہارڈی اور عبدالصمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالا اور میچ وننگ شراکت قائم کی۔ ایرون ہارڈی نے ناقابلِ شکست 56 رنز اسکور کیے جبکہ عبدالصمد نے 48 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔
اس سے قبل ایرون ہارڈی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں بھی حاصل کیں، جس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ حیدرآباد کی جانب سے صائم ایوب 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
اگرچہ حیدرآباد کنگز مین ٹائٹل جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکی، تاہم اپنے پہلے ہی سیزن میں رنر اپ بننا ایک بڑی کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔ فائنل کے موقع پر قذافی اسٹیڈیم شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا اور شاندار ماحول دیکھنے کو ملا۔
بابر اعظم بطور کپتان پہلی ٹرافی جیتنے میں کامیاب، پشاور زلمی 9 سال بعد پی ایس ایل چیمپئن بن گئی