3 ممالک، 48 ٹیمیں اور 104 میچز؛ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا آج رات سے آغاز
دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے ایونٹ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا آغاز آج رات سے ہو رہا ہے، جس میں 3 ممالک میزبانی کر رہے ہیں جبکہ 48 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے مدمقابل ہوں گی۔
اس بار ٹورنامنٹ پہلے سے کہیں بڑا ہوگا، کیونکہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 48 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ ایونٹ میں مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ فاتح ٹیم 19 جولائی کو فائنل جیت کر ٹرافی اپنے نام کرے گی۔
ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق پہلے گروپ مرحلہ کھیلا جائے گا، جس کے بعد راؤنڈ آف 32، راؤنڈ آف 16، کوارٹر فائنلز، سیمی فائنلز اور پھر گرینڈ فائنل ہوگا۔
اگرچہ ایونٹ کے آغاز سے قبل مختلف تنازعات بھی سامنے آئے، تاہم فٹبال شائقین کا جوش و خروش برقرار ہے۔ بڑی تعداد میں مداح اسٹیڈیمز کا رخ کرنے کے لیے تیار ہیں، جبکہ کروڑوں فینز ٹی وی اسکرینز پر میچز دیکھنے کے منتظر ہیں۔
ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ پاکستانی وقت کے مطابق آج رات 12 بجے شریک میزبان میکسیکو اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا جائے گا۔
