پرتگال کے لیجنڈری فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اعلان کیا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 ان کے بین الاقوامی کیریئر کا آخری عالمی ایونٹ ہوگا۔
اسپین کے خلاف پری کوارٹر فائنل سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 41 سالہ پرتگالی کپتان نے کہا کہ وہ قومی ٹیم کے ساتھ اپنے سفر کے آخری لمحات کو بھرپور انداز میں گزارنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا، “میں اس سفر کے ہر لمحے سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں۔ یہ میرا آخری ورلڈ کپ ہے، لیکن مجھے امید ہے کہ کل میرا آخری میچ نہیں ہوگا۔”
پانچ مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے رونالڈو کا کہنا تھا کہ ان کے شاندار کیریئر کا اندازہ صرف اس بات سے نہیں لگایا جا سکتا کہ آیا وہ ورلڈ کپ جیتنے میں کامیاب ہوتے ہیں یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصے میں انہوں نے فٹبال کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں وقف کیں اور ہمیشہ سو فیصد نہیں بلکہ “ایک ہزار فیصد” دینے کی کوشش کی۔
رونالڈو نے مزید کہا، “ایک وقت آئے گا جب میں بین الاقوامی فٹبال کو خیرباد کہہ دوں گا، لیکن جب بھی وہ دن آئے گا، میں مکمل اطمینان کے ساتھ میدان چھوڑوں گا کیونکہ میں نے کھیل کے لیے اپنی ہر ممکن کوشش کی ہے۔”
عمر سے متعلق ہونے والی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے رونالڈو نے کہا کہ وہ آج بھی اعلیٰ معیار کی فٹبال کھیل رہے ہیں۔ ان کے مطابق، “میں فٹبال کسی مجبوری کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنے شوق کے باعث کھیلتا ہوں۔ ہر دن کو بھرپور طریقے سے جینا چاہیے، اور اس ورلڈ کپ میں تین گول اسکور کرنے کے بعد مجھے یقین ہے کہ میں اب بھی بہترین کارکردگی دکھا رہا ہوں۔”
رونالڈو نے رواں ورلڈ کپ میں ایک اور تاریخی سنگ میل بھی عبور کیا۔ ازبکستان کے خلاف دو گول کرکے وہ فیفا ورلڈ کپ کی چھ مختلف ایڈیشنز میں گول کرنے والے تاریخ کے پہلے فٹبالر بن گئے۔