
تحریر: سہیل دانش
احمد آباد میں ایک لاکھ بیس ہزار پرجوش تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرے نریندر مودی اسٹیڈیم میں جہاں ویرات کوہلی نے ثابت کیا کہ وہ آج 38 سال کا ہونے کے باوجود دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا Chase Master ہے۔ اُس نے اپنی ٹیم رائل چیلنجر بنگلور کے لئے آئی پی ایل کی ٹرافی چھین کر یہ بتادیا کہ وہ دور ختم ہوگیا جب یہ اعزاز RCB سے روٹھا ہوا تھا۔ کنگ کوہلی کے بلے سے اُبلتے رنز نے ایک بار پھر آئی پی ایل فائنل میں اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرکے اُس کی من مانی قائم کردی۔ اُنہوں نے نہ صرف اپنے ٹائٹل کو ڈیفنڈ کیا ہے بلکہ اپنی وراثت کو Extend کیا ہے۔ شبھمن گل کی ٹیم گجرات میدان میں رنز برسانے کے جن بلند بانگ دعوؤں کے ساتھ فائنل کے اس مقابلے کے لئے میدان میں اُتری تھی۔ وہ RCV بولرز کے قہر کی تاب نہ لاکر محض 155 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ابتدائی اوورز میں ہی ثابت ہوگیا تھا کہ گجرات کے سپنے بکھررہے ہیں۔ ابتدائی پاور پلے کے چھ اوورز میں دونوں اوپنرز کے نامراد پویلین لوٹ جانے پر اسٹیڈیم کے ماحول میں گجرات کے حمایتیوں پر سناٹا چھاگیا تھا، گجرات کی ٹیم کو اُمید تھی کہ جوز ٹیلر اِس فیصلہ کُن مقابلے میں کچھ انہونی کردکھائے گا۔ لیکن اُس کے جلد آؤٹ ہونے پر گجرات کی رہی سہی اُمید بھی مایوسی میں بدل گئی۔ وہاں دوسری طرف RCB ٹیم کے لئے ہر DOT گیند کے بعد اعتماد زیادہ توانا ہوتا دکھائی دیا۔ اِس مقابلے میں ایک ایسی وکٹ پر جس میں بیٹنگ اور بولنگ دونوں کے لئے مواقع موجود تھے۔ ویرات کوہلی نے ثابت کیا کہ اگر وہ وکٹ پر کھڑا ہے تو اُس کے لئے کوئی بھی ہدف ناممکن نہیں۔ اِس طرح اِس فیصلہ کن مقابلے میں وہ اپنی ٹیم کو چوکھٹ کے اُس پار لے گیا جس کا اُس نے دعویٰ کیا تھا۔ IPL میں تیسری بار سرخروئی کا خواب دیکھنے والا ویرات کوہلی کیا آئندہ سال 2027 کی آئی پی ایل ٹرافی جیت کر ہیٹ ٹرک کی آرزو پوری کرپائے گا اِس کا علم تو کسی کو نہیں لیکن یقین سب کو ہے۔
ویرات کوہلی نے ثابت کردیا کہ وہ دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا Chase Master ہے