پاکستانی کرکٹرز نے ’دل دل پاکستان‘ گایا اور بھارتی گانے پر رقص کر کے دھوم مچائی

انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے میدان میں ‘دل دل پاکستان’ گا کر جشن منایا اور بھارتی گانے پر رقص کر کے حریفوں کا دل جلایا۔

دبئی میں گزشتہ روز روایتی حریفوں کے درمیان کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں پاکستانی شاہین ایسے جھپٹے کہ بھارتی سورماؤں کو پہلے بھاری اسکور تلے دبایا اور پھر بولنگ سے وار کر کے بیٹنگ لائن کو زمین بوس کر دیا۔

پاکستان انڈر 19 کھلاڑیوں نے فائنل میں بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 191 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر نہ صرف دوسری بار ایشیا کپ کی ٹرافی اٹھائی بلکہ 2017 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی یاد بھی تازہ کر دی۔

اس فتح کے بعد جہاں پاکستانی کھلاڑیوں نے سبز ہلالی پرچم اٹھا کر مقبول عام قومی نغمہ ‘دل دل پاکستان’ اسٹیڈیم میں موجود پاکستانی شائقین کے ساتھ ہم آواز ہو کر گایا، وہیں انہوں نے بھارتی گیت پر رقص کر کے حریفوں کا دل بھی جلایا۔

میچ سے قبل جو بھارتی تجزیہ کار فائنل کے یکطرفہ ہونے اور بھارت کی فتح کے پیشگی دعوے کر رہے تھے، ان کے غرور آمیز رویے کو پاکستانی کرکٹرز نے اپنے کھیل سے خاک میں ملا دیا۔ میچ یکطرفہ ضرور ہوا، مگر ٹرافی اٹھا کر پاکستانی کھلاڑی فاتح بن کر میدان سے باہر آئے۔

جشن منانے کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں نے فلم دھوریندر کے گانے پر رقص کر کے بھارتیوں کے زخموں پر نمک چھڑکا۔ نوجوان قومی کھلاڑیوں کے رقص کی ویڈیو اے سی سی نے سوشل میڈیا پر بھی شیئر کر دی۔

یہ ویڈیوز تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں اور صارفین نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ مینٹور سرفراز احمد کو بھی سراہ رہے ہیں کہ فائنل میں تیسری بار بھارت کو شکست دینے میں سرفراز احمد نے اپنا اہم حصہ ڈالا۔

دریں اثنا پاکستان انڈر نائنٹین ٹیم کے ایشین چیمپئن بننے پر ٹیم کے کھلاڑیوں کے گھروں میں جشن کا سماں ہے۔ کپتان فرحان یوسف، فاسٹ بولر عبدالسبحان کے اہلخانہ اور دوستوں کےڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے۔ مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔

Salik Majeed

Learn More →

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *