آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کو ایک بڑا نقصان پہنچا ہے کیونکہ اہم فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ انجری کے باعث باقی ٹیسٹ سیزن اور ایشیز سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ ہیزل ووڈ پچھلے ماہ شیفیلڈ شیلڈ کے میچ کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے تھے، جس کی وجہ سے وہ پہلے دو ایشیز ٹیسٹ بھی نہیں کھیل سکے۔ اب آسٹریلوی ہیڈ کوچ اینڈریو میک ڈونلڈ نے تصدیق کی ہے کہ فاسٹ بولر اس سیزن میں واپس نہیں آسکیں گے۔
ہیڈ کوچ کے مطابق، ہیزل ووڈ کی بحالی کے دوران کچھ ایسے مسائل سامنے آئے جو توقع کے خلاف تھے، جس کے بعد ان کی واپسی ناممکن ہو گئی۔ اب ٹیم کے مطابق ان کی تمام توجہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری پر مرکوز ہوگی، جو آسٹریلیا کے لیے نہایت اہم ٹورنامنٹ ہے۔
دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے اعلان کیا ہے کہ پیٹ کمنز 17 دسمبر کو ایڈیلیٹ میں شروع ہونے والے تیسرے ایشیز ٹیسٹ میں حصہ لیں گے۔ ان کی واپسی سے آسٹریلوی بولنگ لائن مضبوط ہوگی، تاہم جوش ہیزل ووڈ کا باہر ہونا ٹیم کے لیے اب بھی بڑا دھچکا ہے۔ واضح رہے کہ انگلینڈ ایشیز کے ابتدائی دونوں میچز ہار چکا ہے، جبکہ آسٹریلیا نے دونوں ٹیسٹ 8 وکٹوں سے جیتے۔ تیسرا میچ 17 دسمبر کو ایڈیلیٹ میں کھیلا جائے گا۔