پرتھ ٹیسٹ دو روز میں ختم، کرکٹ آسٹریلیا کو کروڑوں کا مالی دھچکا

آسٹریلوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی کامیابی کرکٹ آسٹریلیا کے لیے مالی نقصان کا باعث بن گئی، ٹریوس ہیڈ کی طوفانی سنچری نے میچ کو صرف دوسرے روز ہی اختتام تک پہنچا دیا۔

ٹریوس ہیڈ کی برق رفتار بیٹنگ کے باعث ٹیسٹ میچ تیسرے دن تک نہ کھنچ سکا، جس کے نتیجے میں کرکٹ آسٹریلیا کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ پہلے ہی مالی مشکلات کا شکار بورڈ کے حکام اس صورتحال پر خاصے مایوس نظر آ رہے ہیں۔

میڈیا کے مطابق 1921 کے بعد یہ پہلا ایشیز ٹیسٹ ہے جو صرف دو دن میں مکمل ہوا۔ اب کرکٹ آسٹریلیا کو تیسرے اور چوتھے روز کی پیشگی فروخت شدہ ٹکٹوں کی رقم شائقین کو واپس کرنا ہوگی، جبکہ پانچویں دن کے ٹکٹ عموماً اسی روز فروخت ہوتے ہیں۔

اندازوں کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کو تقریباً 2 ملین آسٹریلوی ڈالرز کا نقصان پہنچا ہے، جبکہ بعض رپورٹس میں یہ خسارہ 3 ملین ڈالرز تک بتایا گیا ہے۔

براڈکاسٹنگ اداروں کو ہونے والا نقصان سب سے زیادہ سنگین قرار دیا جا رہا ہے۔ انگلینڈ کی سپورٹرز گروپ “بارمی آرمی” بھی میچ کے قبل از وقت ختم ہونے پر مایوسی کے ساتھ وطن واپسی کی تیاریاں کر رہی ہے۔

پہلے دو دنوں میں ایک لاکھ ایک ہزار 514 تماشائی اسٹیڈیم میں موجود تھے جبکہ تیسرے دن کے تمام ٹکٹ فروخت ہو چکے تھے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے ایک پروگرام میں میچ کے جلد ختم ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری اولین ترجیح براڈکاسٹرز ہیں، اور اس صورت حال کا مالی اثر پوری سیریز پر پڑے گا، جس میں ہمارے پارٹنرز اور اسپانسرز بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کو گزشتہ سال آسٹریلیا اور بھارت کی مشہور سیریز سے بھی مالی نقصان اٹھانا پڑا تھا، جبکہ سالانہ اجلاس میں 11.3 ملین ڈالرز کے خسارے کی رپورٹ پیش کی گئی تھی۔

Salik Majeed

Learn More →

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *