خیبر، قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے لنڈی کوتل بارڈر کے قریب واقع علاقے باچہ مینہ کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مقامی نوجوانوں کے ساتھ کرکٹ کھیل کرانہیں خوشگوار سرپرائز دیا۔
شاہد آفریدی نے نوجوانوں سے گپ شپ کی اوران کے مسائل سنے اس موقع پرانہوں نے مقامی کرکٹ گراؤنڈ میں دیواراورپچ بنانے کا اعلان کیا تاکہ نوجوان بہترسہولیات کے ساتھ کھیل سکیں۔
سابق کپتان نے کہا کہ ضلع خیبران کا اپنا علاقہ ہے اور وہ اس خطے سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تیراہ میں بھی کئی ترقیاتی کام مکمل کیے گئے ہیں اور باچہ مینہ سمیت دیگر علاقوں میں مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
پاک افغان بارڈر طورخم کے قریب واقع علاقے باچہ مینہ میں پانی کے مسئلے کو حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ضلع خیبرکے نوجوان باصلاحیت ہیں اور وہ ان کی بھرپور سپورٹ جاری رکھیں گے، آفریدی کے دورے سے علاقے میں خوشی کی فضا دیکھی گئی اور نوجوانوں نے ان کا بھرپوراستقبال کیا۔