آج سے راولپنڈی میں پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز ہوگا، پہلا میچ آج شام پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جائے گا۔
ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ قومی ٹیم میں اس وقت کمبی نیشن اچھا ہے اور بہترین آل راؤنڈر شامل ہیں۔ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں لا رہے، سیریز میں نئے لڑکوں کو موقع دینے کی کوشش کریں گے۔
قومی ٹی 20 کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں مڈل آرڈر کی پرفارمنس کی بہتری کیلیے کام کر رہے ہیں۔ جو حکمت عملی چلتی آرہی ہے، اسی کو لے کر چلیں گے اور جیت کا مومینٹم برقرار رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس اچھے آل راؤنڈرز موجود ہیں، انہیں کھلائیں گے۔ کوشش ہوتی ہے صائم اور میں دونوں بولنگ کریں۔ بطور کپتان اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔
قومی کپتان نے مزید کہا کہ مڈل آرڈر میں پرفارمنس بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ عبدالصمد کو فِنشر کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ ایشیا کپ میں ٹھیک فریم آف مائنڈ میں نہیں تھا۔ بائیں ہاتھ کے بیٹرز کے خلاف بولنگ کروں گا۔
سلمان علی آغا نے یہ بھی کہا کہ ٹی 20 کرکٹ کا ایسا فارمیٹ ہے، جس میں ہم کسی بھی ٹیم کو ہلکا نہیں لے سکتے۔ پاکستانی شائقین سے ہمیشہ ٹیموں کو بھرپور سپورٹ ملی۔ پنڈی کا اسٹیڈیم ہمیشہ فل ہوتا ہے۔