پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان نے کہا ہے کہ کچھ سابق کرکٹرز کو بابر اعظم کی کامیابیاں ہضم نہیں ہو رہی ہیں۔
سابق کپتان معین خان کے صاحبزادے اور کرکٹر اعظم خان نے یوٹیوب چینل کے پوڈکاسٹ میں شرکت کرتے ہوئے کرکٹ سے متعلق مختلف موضوعات پر بات چیت کی۔ انہوں نے بتایا کہ جب بابر اعظم بیٹنگ کے لیے آتے ہیں تو کرکٹ شائقین جوش و خروش کے ساتھ ان کا استقبال کرتے ہیں، اور شاید یہ سابق کرکٹرز کے لیے قبول کرنا مشکل ہوتا ہے۔
اعظم خان نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ زیادہ تر مشہور فاسٹ بولرز کی وجہ سے بنی، لیکن بابر اعظم اپنی شاندار بیٹنگ کی وجہ سے مشہور ہیں۔ انہوں نے بھارت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں سچن ٹنڈولکر، راہول ڈریوڈ، لکشمن اور دھونی جیسے کھلاڑی موجود تھے، پھر ویرات کوہلی نے آ کر اپنی پہچان بنائی، لیکن پاکستان میں بابر اعظم کے برابر کوئی کھلاڑی موجود نہیں۔
اعظم خان نے محمد عامر اور شاہین آفریدی کی بولنگ کے فرق پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی ڈیتھ اوورز میں بہترین یارکر کرتے ہیں، جبکہ عامر مختلف انداز کی بولنگ جیسے آف کٹر اور سلو باؤنسر بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر شاہین کو کوئی چوکا لگ جائے تو وہ اگلی گیند سخت کھیلیں گے، یہ بولر کے لیے اچھی ایگریشن ہے، جبکہ عامر بیٹرز کی سوچ کے مطابق بولنگ کرتے ہیں، جو انہیں اسمارٹ بولر بناتا ہے۔
اعظم خان کے مطابق دونوں بولرز اپنے اپنے انداز میں بہترین ہیں؛ شاہین نئی گیند سے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہیں جبکہ عامر بیٹرز کی سوچ کو پڑھ کر بولنگ کرتے ہیں۔