قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کھیلوں میں بڑھتی ہوئی سیاست اور تقسیم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کھیل کو سیاست سے آلودہ کیا گیا تو اس کی روح اور مقصد متاثر ہو جائیں گے۔
وسیم اکرم نے وِزڈن کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ انہیں کرکٹ میں سیاست بالکل پسند نہیں۔ ان کے بقول، “صاف بات یہ ہے کہ کھیل کو سیاست سے دور رکھنا ہی بہتر ہے، تاکہ یہ خالصتاً مقابلے اور اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظہر بن سکے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ آج کرکٹ میں تقسیم اور تعصب بڑھتا جا رہا ہے، جس صورتحال میں آئی سی سی اور قومی کرکٹ بورڈز کو اپنی ذمہ داریاں نبھانے کی ضرورت ہے۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ہر ملک کے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے مساوی مواقع ملنے چاہئیں۔ “فیصلے بڑے دل کے ساتھ کیے جائیں، ہمت دکھائی جائے، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ایسا نہیں ہو رہا۔”
انہوں نے زور دیا کہ یہی وہ وقت ہے جب آئی سی سی اور کرکٹ بورڈز کو مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ “یہ اہم نہیں کہ لیگ یا ٹیم کس کی ملکیت میں ہے، اصل بات یہ ہے کہ تمام قوموں کے کھلاڑیوں کو کھیلنے کا حق دیا جائے۔”