“وقار یونس نے میرا کیریئر تباہ کیا، کوچ کے طور پر عزت نہیں کرتا: عمر اکمل”

پاکستانی کرکٹر عمر اکمل نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق کوچ وقار یونس نے ان کے کیریئر کو نقصان پہنچایا۔ عمر اکمل کے مطابق وقار یونس کو یہ بات پسند نہیں تھی کہ ایک نوجوان کھلاڑی نئی گاڑی خریدے یا اچھے کپڑے پہنے۔

ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے 35 سالہ عمر اکمل نے کہا کہ “اللہ نے مجھے رزق دیا ہے، تو میں اپنے اور گھر والوں کے شوق پورے کرتا ہوں، اس میں برائی کیا ہے؟” انہوں نے مزید کہا کہ “یہ صرف میری رائے نہیں، میرے ساتھ کھیلنے والے کرکٹرز، جن میں رانا نوید الحسن بھی شامل ہیں، یہی بات کہیں گے۔”

عمر اکمل نے بتایا کہ انہیں پرفارمنس کی بنیاد پر ٹیم سے نہیں نکالا گیا بلکہ ذاتی وجوہات کی بنا پر نشانہ بنایا گیا۔ “جب میں نئی گاڑی لیتا یا اچھے کپڑے پہنتا تو وقار یونس کہتے کہ اس کے پاس اتنے پیسے کہاں سے آگئے؟”

انہوں نے کہا کہ “پہلے اتنے وسائل نہیں تھے، اب جب اللہ نے دیا ہے تو اپنے اوپر کیوں نہ خرچ کروں۔” عمر اکمل نے مزید کہا کہ وہ وقار یونس کا بحیثیت سینئر کھلاڑی احترام کرتے ہیں، لیکن کوچ کی حیثیت سے نہیں۔

کرکٹر کے مطابق، 2016 کے ورلڈ کپ کے دوران وقار یونس نے ان کے خلاف بورڈ کو رپورٹس اور خطوط لکھے تاکہ انہیں ٹیم سے نکالا جا سکے۔
عمر اکمل نے آخر میں کہا کہ انہوں نے پاکستان کے لیے کھیلنے کو ترجیح دیتے ہوئے کئی غیر ملکی لیگز کی آفرز مسترد کیں، اور آج بھی ان کی پہلی ترجیح قومی ٹیم ہی ہے۔

Salik Majeed

Learn More →