
کویٹہ 21 اکتوبر
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے آج تعمیرِ نو ٹرسٹ کالج ایسٹرن بائی پاس میں منعقدہ سالانہ اسپورٹس ایونٹ 2025 کی پُروقار تقریب میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری تعمیر نو ٹرسٹ بلوچستان نسیم لہیڑیئ سابق سیکرٹری تعلیم حافظ طاہر پرنسپل عابد طلباء، اساتذہ اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ صحت مند معاشرہ ہمیشہ صحت مند سرگرمیوں سے پروان چڑھتا ہے، کھیل نوجوان نسل میں برداشت، عزم اور اتحاد کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل صرف جسمانی صحت کے لیے نہیں بلکہ یہ کردار سازی، ٹیم ورک اور مثبت سوچ کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ ہیں۔
حاجی علی مدد جتک نے طلباء کے جذبے کو سراہتے ہوئے کالج کے لیے پانچ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا، جبکہ مزید سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنے ذاتی فنڈ سے سولر ٹیوب ویل لگانے کا اعلان بھی کیا تاکہ کالج میں پانی اور توانائی کی قلت ختم کی جا سکے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کالج انتظامیہ اور طلباء کو جس بھی چیز کی ضرورت ہوگی، وہ ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

اس موقع پر پرنسپل اور اساتذہ نے حاجی علی مدد جتک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون سے نہ صرف تعلیمی ماحول بہتر ہوگا بلکہ کھیلوں کے فروغ میں بھی نئی روح پیدا ہوگی۔
آخر میں کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء میں انعامات تقسیم کیے گئے اور مہمانِ خصوصی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔