کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار عجیب وجہ سے میچ منسوخ

کرکٹ کی 150 سالہ تاریخ میں ایک نادر اور حیران کن واقعہ پیش آیا، جس کی وجہ سے میچ کو منسوخ کرنا پڑا۔ اگرچہ کرکٹ میں میچز کا منسوخ ہونا معمول کی بات ہے اور زیادہ تر ایسا خراب موسم کی وجہ سے ہوتا ہے، کبھی کبھار پچ کی غیر محفوظ صورتحال یا دیگر مسائل کی وجہ سے بھی میچز روکے جاتے ہیں، لیکن گزشتہ روز جو واقعہ پیش آیا، اس نے شائقین کو واقعی حیران کر دیا۔

یہ میچ آسٹریلیا میں خواتین کی بگ بیش لیگ کے تحت ہوبارٹ ہریکینز اور ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کے درمیان کھیلا جا رہا تھا۔ اننگز کے وقفے کے دوران پریکٹس ٹیم پچ پر رولر چلا رہی تھی کہ اچانک ایک گیند رولر کے نیچے چلی گئی۔ اس کے نتیجے میں پچ میں گیند کے سائز کے برابر سوراخ بن گیا اور گیند پچ کے اندر دھنس گئی۔

امپائرز نے فوری طور پر پچ کا معائنہ کیا اور اسے اگلی اننگ کے لیے خطرناک اور ناقابل استعمال قرار دیا۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں سے مشاورت کے بعد میچ کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ عجیب و غریب وجہ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار سامنے آئی۔ منسوخ ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دیا گیا۔

ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کے لیے یہ ایک بڑا دھچکا ہے، کیونکہ یہ اس سیزن میں ان کا تیسرا منسوخ شدہ میچ ہے۔ انہیں فائنل میں رسائی کے لیے سڈنی سکسرز کے خلاف اپنا آخری میچ ہر صورت جیتنا ہوگا۔ دوسری جانب ہوبارٹ ہریکینز نے پہلے ہی اپنے 9 میں سے سات میچز جیت کر فائنل میں جگہ پکی کر لی ہے۔

Salik Majeed

Learn More →

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *