لیجنڈری کرکٹر عمران خان کو کرکٹ سے ریٹائر ہوئے اب 33 سال ہو چکے ہیں، اور آج بھی وہ کئی کرکٹ ریکارڈز میں سب سے آگے ہیں۔ تاہم پاکستان میں بعض لوگوں کا خیال ہے کہ عمران خان محض ایک عام کھلاڑی تھے، جنہیں ٹیم میں کوٹے کے تحت جگہ ملی، اور اگر ان کی کپتانی میں ٹیم نے کوئی کامیابی حاصل کی تو وہ صرف باقی کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی کا نتیجہ تھی۔
عمران خان کے نام ٹیسٹ کرکٹ کی 148 سالہ تاریخ میں بطور کپتان سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز ہے۔ انہوں نے 48 ٹیسٹ میچز میں بطور کپتان 187 وکٹیں حاصل کیں، اوسط 20.26 کے ساتھ، جو آج تک ایک ریکارڈ ہے۔ اس فہرست میں آسٹریلوی فاسٹ بولر پیٹ کمنز 150 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ رچی بینیو 138 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
اگرچہ عمران خان کی زیادہ وکٹیں ان کے زیادہ میچ کھیلنے کا نتیجہ بھی کہی جا سکتی ہیں، لیکن ان کی بولنگ اوسط اور سٹرائیک ریٹ بھی انتہائی متاثر کن ہیں۔ ان کا سٹرائیک ریٹ 49 ہے، اور اس فہرست میں صرف پیٹ کمنز (44.4) اس سے بہتر ہیں۔