پاکستان نے ٹیسٹ چیمپئن جنوبی افریقہ کو سیریز کے پہلے میچ میں شکست دے کر شاندار آغاز کیا، لیکن اس کامیابی کا نقصان بھارت کو اٹھانا پڑا۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کے سائیکل کے ابتدائی ٹیسٹ میں پاکستان نے لاہور میں جنوبی افریقہ کو چوتھے روز ہی 93 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ تاہم، اس جیت کے ساتھ جہاں پاکستان نے قیمتی پوائنٹس حاصل کیے، وہیں روایتی حریف بھارت کی پوزیشن پر منفی اثر پڑا۔
پاکستان کی اس کامیابی کے بعد گرین شرٹس نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی، 12 پوائنٹس اور 100 فیصد کامیابی کے تناسب کے ساتھ۔
فی الحال آسٹریلوی ٹیم 36 پوائنٹس اور 100 فیصد کامیابی کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔
پاکستان کی جیت سے قبل سری لنکا دوسرے اور بھارت تیسرے نمبر پر تھے، تاہم جنوبی افریقہ کے خلاف فتح کے بعد سری لنکا تیسرے اور بھارت چوتھے نمبر پر چلا گیا۔
تازہ پوائنٹس ٹیبل کے مطابق انگلینڈ پانچویں، بنگلہ دیش چھٹے، ویسٹ انڈیز ساتویں، جبکہ موجودہ چیمپئن جنوبی افریقہ آٹھویں نمبر پر ہے۔ نیوزی لینڈ نے ابھی تک کوئی میچ نہیں کھیلا، اس لیے ان کا کھاتہ تاحال نہیں کھلا۔
