ویسٹ انڈیز نے بنگلادیش کو تیسرے ٹی 20 میچ میں بھی 5 وکٹوں سے شکست دے کر وائٹ واش کردیا۔
چٹگرام میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے بنگلادیش کی جانب سے دیا جانے والا 152 رنز کا ہدف باآسانی 16.5 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، روسٹن چیز کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، روماریو شیفرڈ 7 وکٹیں حاصل کرنے پر سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
کپتان روسٹن چیز نے 29 گیندوں پر 50 رنز بنائے، اکیم آگسٹ بھی 50 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
بنگلادیش کی جانب سے رشاد حسین نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، نسم احمد اور مہدی حسن ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل بنگلادیش کی ٹیم مقررہ اوورز میں 151 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 152 رنز کا ہدف دیا تھا۔
تنزید حسن کی 89 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، سیف حسان 23 رنز بناسکے، اس کے علاوہ کوئی بھی بنگلادیشی بیٹر خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔
روماریو شیفرڈ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جیسن ہولڈر اور کھری پیئر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔