سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں روایتی حریفوں کے درمیان دبئی میں ماحول کافی گرم رہ سکتا ہے، اس لیے کھلاڑیوں اور شائقین دونوں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ نظم و ضبط برقرار رکھیں اور حد سے تجاوز نہ کریں۔
دونوں ممالک کے حالیہ کشیدگی کے پیش نظر وسیم اکرم نے خبردار کیا کہ دبئی میں فضا پرجوش ہو سکتی ہے، تاہم انہوں نے زور دیا کہ نہ کھلاڑی اور نہ ہی تماشائی کھیل کے دائرے سے باہر جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے کروڑوں شائقین پاکستان اور بھارت کے میچ دیکھتے ہیں، یہ مقابلے ہمیشہ دلچسپ رہتے ہیں، لیکن ضروری ہے کہ کھلاڑی اور تماشائی دونوں اپنے رویے میں اعتدال رکھیں۔
وسیم اکرم نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے لوگ اپنے وطن سے محبت کرتے ہیں، لیکن حب الوطنی کا مطلب یہ نہیں کہ کھیل کو کھیل کے دائرے سے باہر لے جایا جائے۔ اگر بھارتی شائقین اپنی ٹیم کی حمایت کرتے ہیں تو پاکستانی شائقین بھی اپنی ٹیم کی حمایت اسی طرح کریں، کیونکہ بالآخر یہ صرف کھیل ہے۔
انہوں نے 14 ستمبر کو دبئی میں شیڈول روایتی میچ میں بھارت کو فیورٹ قرار دیا۔ وسیم اکرم کے مطابق پاکستان نے گزشتہ برسوں میں بھارت کے خلاف مستقل کامیابیاں حاصل نہیں کیں، لیکن ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں گرین شرٹس کے پاس مواقع موجود رہے ہیں۔ پاکستان نے 2021 کے ورلڈ کپ اور 2022 کے ایشیا کپ میں بھارت کو شکست دی تھی۔
سابق کپتان نے کہا کہ بھارت حالیہ عرصے میں بہتر فارم میں ہے اور فیورٹ کے طور پر میدان میں اترے گا، تاہم اصل فیصلہ اس دن ہوگا کہ کون سی ٹیم دباؤ کو بہتر طریقے سے سنبھالتی ہے۔