
کراچی28 اکتوبر ۔سندھ حکومت نے یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹرساؤتھ کراچی میں چیس، تائیکوانڈو اور سیلف ڈفینس کی کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر نے 8 کروڑ 52 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیے گئے یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر ساؤتھ کا افتتاح کیا. افتتاحی تقریب میں سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر سمیت محکمہ کھیل کے اعلیٰ افسران شریک تھے جن میں چیف انجنیئر اسلم مہر، ایڈیشنل سیکریٹری اسد اسحاق، ڈپٹی ڈائریکٹر حبیب اللہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر معیز سومرو، ڈی ایس اوز فرید علی، اسماعیل شاہ، شکیل احمد، حاجرا نواب،محمد عثمان حنا راجپوت، اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر وزیر کھیل سندھ نے ایک روزہ خواتین کرکٹ میچ، گرلز و بوائز تائیکوانڈو، اسنوکر، چیس اور ٹیبل ٹینس کے ایونٹس کا بھی دورہ کیا۔ ان مقابلوں میں 300 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا جبکہ جیتنے والے کھلاڑیوں میں شیلڈز، میڈلز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے بتایا کہ یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر میں لائبریری، ٹیبل ٹینس، اسنوکر، آڈیٹوریم، جم، کمپیوٹر روم اور کمپیوٹر لیب جیسی جدید سہولیات نوجوانوں کے لیے دستیاب ہوں گی۔ کراچی کے ضلع جنوبی میں اس نوعیت کا کوئی سینٹر موجود نہیں تھا، اب نوجوان یہاں آکر ممبرشپ لے سکیں گے۔ سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کے لیے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بھی بات کی گئی ہے جبکہ اسپورٹس سٹی کی زمین کے لیے کمشنر کراچی کو خط لکھا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کا کرکٹ میچ، تائیکوانڈو، اسنوکر سمیت متعدد ایونٹس کا انعقاد کرایا جاچکا ہے اور جہاں بھی کھیلوں سے متعلق شکایت ہو تو فوری نوٹس لیا جاتا ہے۔ نیشنل گیمز سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر کھیل نے بتایا کہ تیاریوں پر جائزہ لینے کے لیے 3 نومبر کو وزیر اعلیٰ سندھ کی صدارت میں اجلاس ہوگا۔ نیشنل گیمز کے لیے سویمنگ پول سندھ کے حوالے کیے جانے کی یقین دہانی کرادی گئی ہے، جبکہ سندھ حکومت تمام تر تیاریاں مکمل کرچکی ہے۔سردار محمد بخش مہر کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کے بہتر مستقبل کے لیے مؤثر فیصلے کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بطور صدر سندھ اولمپکس انہوں نے بجٹ کے اختیارات جنرل سیکریٹری کو منتقل کردیے ہیں اور اس پر مسلسل نظر بھی رکھی جائے گی۔
ہینڈآؤٹ نمبر 1179۔۔۔آئی۔ایس