سچن ٹنڈولکر اور لیونل میسی کے درمیان ممبئی کے تاریخی وانکھیڈے اسٹیڈیم میں یادگار ملاقات ہوئی، جہاں بھارتی کرکٹ عظیم کھلاڑی نے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کو اپنی جرسی بطور تحفہ پیش کی۔
ممبئی کے معروف کرکٹ میدان میں ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے بھارتی کرکٹ لیجنڈ سچن ٹنڈولکر سے ملاقات کی، دونوں شخصیات نے ایک دوسرے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سچن ٹنڈولکر نے میسی کو اپنی کرکٹ جرسی دی، جبکہ لیونل میسی نے جواباً فٹبال ورلڈ کپ بطور یادگار تحفہ پیش کیا۔
وانکھیڈے اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سچن ٹنڈولکر نے کہا کہ انہوں نے اس میدان میں کئی ناقابلِ فراموش لمحات گزارے ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ ممبئی کو خوابوں کا شہر کہا جاتا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2011 میں اسی گراؤنڈ پر تاریخی اور سنہری لمحات دیکھنے کو ملے تھے۔
لیونل میسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سچن ٹنڈولکر نے کہا کہ اگر ان کے کھیل پر گفتگو کی جائے تو اس کے لیے کوئی ایک پلیٹ فارم کافی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا جانتی ہے لوگ میسی کے بارے میں کیا سوچتے ہیں، وہ اپنے کیریئر میں سب کچھ حاصل کر چکے ہیں اور ہم سب ان کی محنت، استقامت اور عزم سے بے حد متاثر ہیں۔