پاکستان نے پہلی مرتبہ آئس ہاکی کے میدان میں شاندار کارنامہ انجام دیتے ہوئے امریکا میں منعقدہ “لیٹم کپ” ڈویژن تھری آئس ہاکی چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔
فائنل میں پاکستان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پیرو کو 1-6 کے بڑے مارجن سے شکست دی اور ٹرافی جیت لی۔
ٹورنامنٹ کے دوران پاکستانی ٹیم نے مسلسل بہترین کارکردگی دکھائی، تمام میچز میں حریف ٹیموں کو واضح برتری سے ہرایا، اور فائنل میں بھی زبردست دفاع اور مؤثر حملوں نے فتح یقینی بنائی۔
اسی ایونٹ میں پاکستانی خواتین کی ٹیم نے بھی شاندار کھیل پیش کیا اور ڈویژن ٹو کے مقابلوں میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔
یہ مقابلے 17 ممالک اور خطوں کی 62 سے زائد ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے جن میں ارجنٹینا، میکسیکو، پیرو، برازیل، لبنان، اسرائیل اور کوسٹاریکا بھی شامل تھے۔
ماہرین کے مطابق آئس ہاکی جیسے غیر روایتی کھیل میں پاکستان کی یہ کامیابی ملک میں سرد خطوں کے کھیلوں کو فروغ دینے کی نئی راہیں کھولے گی۔