پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک بڑا سنگِ میل عبور کر لیا۔
راولپنڈی میں ہفتے کے روز کھیلے گئے سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے مات دی۔ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے، مگر پاکستان نے صاحبزادہ فرحان کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت ہدف 16ویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔
صاحبزادہ فرحان نے 45 گیندوں پر شاندار 80 رنز اسکور کیے اور ناٹ آؤٹ رہے، جس میں 5 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔
اسی میچ میں انہوں نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ایک کیلنڈر سال میں 100 چھکے لگانے والے پہلے پاکستانی اور ایشیائی بیٹر ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ بھارت کے ابھیشیک شرما گزشتہ سال 38 اننگز میں 87 چھکے لگا کر دوسرے اور بھارتی کپتان سوریا کمار یادو 2022 میں 41 اننگز میں 85 چھکے لگا کر تیسرے نمبر پر ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے محمد وسیم نے 2024 میں 45 اننگز میں 82 جبکہ افغانستان کے رحمان اللہ گرباز نے 52 اننگز میں 81 چھکے لگا کر پانچویں پوزیشن حاصل کی۔
سال 2025 صاحبزادہ فرحان کے لیے نہایت شاندار ثابت ہو رہا ہے۔ وہ جارحانہ بیٹنگ کے ساتھ ساتھ مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کی موجودہ فارم نے انہیں پاکستان کے خطرناک ترین ٹی ٹوئنٹی اوپنرز میں شامل کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ سہ ملکی سیریز میں آج پاکستان اور زمبابوے آمنے سامنے ہوں گے۔