“سابق بھارتی کپتان محمد اظہر الدین کو وزارت کا عہدہ مل گیا”

بھارت کے عالمی شہرت یافتہ سابق کرکٹر اور سابق کپتان محمد اظہرالدین (muhammad azhar ud din)نے سیاست کے میدان میں اپنی نئی اننگ کا شاندار آغاز کر دیا۔ کھیل کے میدان میں چوکوں چھکوں کی برسات کرنے والے اظہرالدین اب تلنگانہ کی ریاستی کابینہ میں بطور وزیر شامل ہو گئے ہیں۔
کانگریس سے وابستہ محمد اظہرالدین ریاستی اسمبلی کے رکن بھی ہیں اور پارٹی قیادت نے ان کی کارکردگی اور عوامی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے انہیں کابینہ میں شامل کرلیا۔ اظہرالدین نے ’’اللہ کے نام پر حلف‘‘ اٹھایا اور تقریب کے اختتام پر’’جے تلنگانہ اور جے ہند‘‘ کے نعرے لگائے۔
ذرائع کے مطابق، محمد اظہرالدین کواقلیتی امور یا اقلیتی بہبود کا قلمدان دئیے جانے کا قوی امکان ہے۔ وہ وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی کی کابینہ میں شامل ہونے والے پہلے مسلمان وزیر ہیں۔ حلف برداری کی تقریب میں ان کے بیٹے اسد الدین اظہر بھی شریک تھے، جو حال ہی میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری مقرر ہوئے ہیں۔
اظہرالدین کی کابینہ میں شمولیت پر بی جے پی نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس اقدام کوانتخابی خوشامدانہ سیاست قرار دیا ہے۔ تلنگانہ میں بی جے پی کے صدر رام چندر راؤ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ جوبلی ہلز کے مسلم ووٹروں کو لبھانے کی کوشش ہے، جہاں جلد ضمنی الیکشن ہونے جا رہے ہیں۔
بی جے پی نے اس معاملے پر چیف الیکشن آفیسر کو باضابطہ شکایت بھی درج کرا دی ہے۔ تاہم محمد اظہرالدین نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تقرری کاکسی ضمنی انتخاب سے کوئی تعلق نہیں۔
ان کا کہنا تھا’’میں نے ہمیشہ ملک کی خدمت ایمانداری سے کی ہے، مجھے کسی کو اپنی حب الوطنی کے ثبوت دینے کی ضرورت نہیں۔‘‘

محمد اظہرالدین کی سیاست میں یہ اننگ بھی شاندار انداز میں شروع ہوئی ہے، اور سیاسی حلقے اس پیشرفت کو کانگریس کی بڑی حکمتِ عملی قرار دے رہے ہیں۔

Salik Majeed

Learn More →