سعودی عرب میں جدہ کورنیش سرکٹ 13 اور 14 فروری کو ’جدہ ای پری‘ الیکٹرک ریس کی میزبانی کرے گا، جو اے بی بی ایف آئی اے فارمولا ای ورلڈ چیمپیئن شپ کے 12ویں سیزن کا حصہ ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ ایونٹ وزارت کھیل کی نگرانی میں منعقد ہوتا ہے اور اس کا انتظام سعودی آٹوموبائل اور موٹرسائیکل فیڈریشن کی جانب سے کیا جاتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ای پری الیکٹرک ریس ایک نئے تین کلومیٹر طویل ٹریک پر ہوگی جس میں 19 موڑ شامل ہیں، اور دلچسپی بڑھانے کے لیے اٹیک زون ٹرن 13 پر واقع ہے۔
دنیا بھر سے 10 ٹیموں کے 20 ڈرائیور ریس میں حصہ لیں گے، جن میں جیگوار، پورشے اور نِسان شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اس ایونٹ میں ایک ’فین زون‘ بھی ہوگا، جہاں مہمانوں کے لیے تفریحی اور انٹرایکٹیو سرگرمیاں فراہم کی جائیں گی، اس کے علاوہ بعد میں کنسرٹس کا بھی اعلان بھی ہوگا۔
چیمپئن شپ کی تاریخ میں گزشتہ سال کے ایڈیشن نے سب سے زیادہ ناظرین کا ریکارڈ قائم کیا، جس میں دنیا بھر میں 65 ملین افراد نے اسے دیکھا۔
سعودی موٹر سپورٹس کے چیئرمین شہزادہ خالد بن سلطان بن عبداللہ بن فیصل کے مطابق ریس کی میزبانی کا سلسلہ سعودی عرب میں موٹرسپورٹس کی تیز رفتار ترقی کی عکاسی کرتا ہے۔
فارمولا ای کے شریک بانی اور چیف چیمپئن شپ آفیسر البرٹو لونگو کے مطابق جدہ، اس سیزن کے کیلنڈر میں ایک اہم سٹاپ کے طور پر شمار ہوتا ہے۔
وی بک پلیٹ فارم پر ریس کے چوتھے اور پانچویں راؤنڈ کے ٹکٹ دستیاب ہیں۔ قیمت 100 ریال سے شروع ہوتی ہے اور خصوصی وی آئی پی ٹکٹ بھی دستیاب ہیں۔