بھارت کے ہریانہ میں ایک 16 سالہ باسکٹ بال کھلاڑی اس وقت جان کی بازی ہار گیا جب پریکٹس کے دوران باسکٹ بال کا پول اس کے سینے پر گر گیا۔ کھلاڑی کورٹ میں پریکٹس کر رہا تھا جب پول آگے کی طرف سے اس کے اوپرگرا اور نوجوان چل بسا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق افسوسناک واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہاردک اکیلا کورٹ میں پریکٹس میں مصروف تھا وہ پوائنٹ لائن سے دوڑتا ہے اور چھلانگ لگا کر باسکٹ تک پہنچتا ہے۔ کھلاڑی باسکٹ کے رم کو پکڑتا ہے کہ اچانک پول اکھڑ کر اس پر گر جاتا ہے جو اس کی موت کا سبب بن جاتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق کھلاڑی کے ساتھی جو شاید اس وقت بریک پر گئے ہوئے تھے کورٹ کی جانب دوڑ لگاتے ہیں، اور باسکٹ بال کھلاڑی کو بچانے کی کوشش کرتے ہیں مگر اس وقت تک بہت دیر ہوچکی ہوتی ہے۔
ہاردک کے پڑوسیوں کے مطابق وہ قومی ٹیم کے لیے منتخب ہو چکا تھا اور حال ہی میں تربیتی کیمپ سے واپس آیا تھا۔ اس کے والد سندیپ نے ہاردک اور اس کے چھوٹے بھائی کو اپنے گھر کے قریب واقع ایک اسپورٹس کلب میں داخل کروایا تھا، جہاں وہ پریکٹس کر سکتے تھے۔ پولیس نے لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے بعد خاندان کے حوالے کر دی ہے۔