جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اور ’مسٹر 360‘ کے نام سے مشہور مایہ ناز بیٹر اے بی ڈویلیئرز نے بھارتی بیٹرز روہت شرما اور ویرات کوہلی پر تنقید کرنے والوں کو سخت جواب دیتے ہوئے انہیں “لال بیگ” قرار دیا ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز میں روہت شرما نے ایک نصف سنچری اور ایک شاندار سنچری اسکور کی، جبکہ ویرات کوہلی ابتدائی دو میچز میں صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد تیسرے میچ میں 74 رنز بنا کر فارم میں واپس آئے۔
بھارتی ٹیم اس وقت 2027 ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف ہے، اور اسی حکمت عملی کے تحت شبمن گل کو کپتانی دی گئی ہے۔ تاہم، کچھ ناقدین نے روہت اور کوہلی پر تنقید کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
اپنے فیس بک لائیو سیشن کے دوران 41 سالہ ڈویلیئرز نے کہا:
“مجھے سمجھ نہیں آتی یہ لوگ کہاں چھپے رہتے ہیں، جیسے ہی کسی کھلاڑی کے کیرئیر پر غروب کا وقت آتا ہے، یہ لال بیگوں کی طرح اپنے سوراخوں سے باہر نکل آتے ہیں۔”
سابق پروٹیز کپتان نے کہا کہ ایسے کھلاڑی جنہوں نے برسوں اپنی قوم کی نمائندگی کی، ان پر تنقید کے بجائے ان کی خدمات کو سراہا جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے چند ماہ میں روہت اور کوہلی نے بلاوجہ کی سخت تنقید کا سامنا کیا، حالانکہ وہ کھیل کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔
ڈویلیئرز نے زور دیا کہ عظیم کھلاڑیوں کے خلاف منفی رویہ اختیار کرنا کھیل اور اس کے قدردانوں دونوں کے لیے نقصان دہ ہے۔