آندرے رسل نے آئی پی ایل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

ویسٹ انڈیز کے مشہور آل راؤنڈر آندرے رسل نے آئی پی ایل 2026 کی نیلامی سے قبل آئی پی ایل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

رپورٹس کے مطابق 37 سالہ آندرے رسل جنہیں حال ہی میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے ریلیز کیا تھا، کا کہنا تھا کہ وہ اب کسی اور فرنچائز سے معاہدہ نہیں کریں گے بلکہ آئی پی ایل کے آئندہ سیزن میں کولکتہ نائٹ رائیڈرزکے معاون عملے میں بطور ’پاور کوچ‘ شامل ہوں گے۔

رسل نے انسٹاگرام پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ آئی پی ایل میں میرا سفر شاندار رہا، چھکے، فتوحات، ایم وی پی ایوارڈزیہ سب ناقابلِ فراموش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں ریٹائر اس وقت ہونا چاہتا ہوں جب لوگ کہیں کہ میرے پاس ابھی مزید کرکٹ باقی ہے، نہ کہ یہ پوچھیں کہ میں نے یہ قدم پہلے کیوں نہیں اٹھایا۔

ویسٹ انڈیز کے مشہور آل راؤنڈر نے آئی پی ایل میں 140 میچ کھیلے، 2651 رنز بنائے اور 174 سٹرائیک ریٹ برقرار رکھا، جو لیگ کی تاریخ میں سب سے خطرناک پاور ہٹرز میں سے ایک ہے۔ باؤلنگ میں بھی ان کی کارکردگی نمایاں رہی، 123 وکٹیں اور 5/15 کی بہترین باولنگ کارکردگی تھی۔

انہوں نے 2012 میں دہلی ڈیئرڈیولز کی جانب سے ڈیبیو کیا تھا جبکہ 2014 سے 2025 تک کولکتہ نائٹ رائیڈرز کا حصہ رہے، جہاں انہوں نے 133 میچ کھیلے اور دو آئی پی ایل ٹائٹلز (2014 اور 2024) جیتے۔

انہیں (2015، 2019) میں دو بار آئی پی ایل ایم وی پی ایوارڈ بھی ملا۔223 چھکوں کے ساتھ وہ آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ چھکے مارنے والوں کی فہرست میں ساتویں نمبر پر ہیں۔

آندرے رسل نے مزید کہا کہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے سی ای او وینکی میسور اور شریک مالک شاہ رخ خان کے ساتھ تفصیلی بات چیت کے بعد انہیں لگا کہ کے کے آر کے سیٹ اپ میں رہتے ہوئے اپنی اگلی اننگز شروع کرنا زیادہ موزوں ہے۔

Salik Majeed

Learn More →

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *