آسٹریلیا میں نوجوان کرکٹر پریکٹس کے دوران گیند لگنے سے جاں بحق

آسٹریلیا میں ایک افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب نوجوان کرکٹر بین آسٹن پریکٹس سیشن کے دوران گیند لگنے سے زندگی کی بازی ہار گئے۔

آسٹریلوی میڈیا رپورٹس کے مطابق، واقعہ میلبرن ایسٹ میں پیش آیا جہاں 17 سالہ بین آسٹن کو بال تھروئنگ ڈیوائس سے پھینکی گئی گیند گردن پر لگی۔ زخمی حالت میں انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔

کرکٹ وکٹوریہ نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بین آسٹن نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا، تاہم سٹم گارڈ موجود نہیں تھا۔

ہیڈ آف کرکٹ وکٹوریہ نک کمنز نے بتایا کہ یہ چوٹ فلپ ہیوز کو لگنے والی چوٹ سے ملتی جلتی تھی، جس نے 11 سال قبل اپنی جان گنوائی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایمبولینس وکٹوریہ کے عملے نے بین کو نازک حالت میں اسپتال پہنچایا، مگر وہ دم توڑ گئے۔

چیئرمین کرکٹ آسٹریلیا مائیک بیئرڈ نے اس سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بین آسٹن کی موت کا صدمہ پورے ملک میں محسوس کیا جائے گا۔

کرکٹ آسٹریلیا، کلب حکام اور مرحوم کی فیملی نے اس سانحے پر افسوس اور غم کا اظہار کیا ہے۔

Salik Majeed

Learn More →